اڈپی27؍ستمبر (ایس او نیوز) اڈپی پاور کارپوریشن لمیٹیڈ (یو پی سی ایل) کا ایک ٹرانسفارمر بلاسٹ ہوجانے کی وجہ سے بجلی پید اکرنے والی سیکنڈ یونٹ بند ہوگئی ہے اور بجلی کی پیداوار متاثر ہوگئی ہے۔
کوئلے سے بجلی تیاری کرنے والے حصے میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹرانسفارمر میں دھماکہ ہوگیا۔جس کے بعد پاور جنریشن کی دوسری یونٹ بند کر دی گئی، جو 600میگاواٹ بجلی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اب صرف ایک یونٹ سے ہی بجلی تیار کی جارہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جب ٹرانسفارمر میں دھماکہ ہواتو اس وقت وہاں پر عملہ موجود تھا، مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی نوبت نہیں آئی ۔معلوم ہوا ہے کہ اس دھماکے کی وجہ سے کمپنی بہت زبردست مالی خسارہ ہوا ہے۔ اصل مالی نقصان کا اندازہ ٹیکنیکل ٹیم کے معائنے کے بعد ہی لگایا جاسکے گا۔ خیال رہے کہ جون اور اگست کے درمیان بھاری برسات کی وجہ سے یو پی سی ایل کو بجلی تیار کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی تھی۔ برسات کا موسم تقریباً ختم ہو جانے کے بعد کمپنی سے ستمبر سے بجلی تیار کرنے کا کام شروع کیا تھا۔